پاکستان اور قازقستان کے درمیان کان کنی و پیٹرولیم، میری ٹائم، کسٹمز، ریلوے، ٹرانزٹ ٹریڈ، پلانٹ پروٹیکشن و ویٹرنری، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ کیا گیا۔
ان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے شرکت کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے امن دستوں میں تعاون اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کی دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
اس سے قبل قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ ہوا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان اور قازقستان کے قومی ترانے بجائے گئے، جب کہ چاق و چوبند دستے نے صدر قاسم جومارت توکایووف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں قازقستان کے صدر نے اپنے وفد کے ارکان کا وزیراعظم شہباز شریف سے تعارف کرایا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارتی نمائندے بھی موجود تھے، جب کہ معاہدوں کو پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


