ڈھاکا: بنگلادیش کے حالیہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے والی بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے رہنما نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے بھارت سے باضابطہ مطالبہ کرے گی۔
بی این پی کی پارٹی کمیٹی کے رکن اور کاکس بازار-1 سے نومنتخب رکنِ پارلیمنٹ صلاح الدین احمد نے ڈھاکا میں جماعت کے مرکزی دفتر کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت قانون کے مطابق شیخ حسینہ کی واپسی کے لیے دباؤ ڈالے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ بنگلادیش اور بھارت کی وزارتِ خارجہ کے درمیان طے پائے گا، تاہم بی این پی بھارتی حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ شیخ حسینہ کو واپس بھیجا جائے تاکہ وہ عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں اپنی حکومت کے خلاف عوامی بغاوت کے بعد بھارت چلی گئی تھیں۔ گزشتہ برس نومبر میں ڈھاکا کی ایک عدالت نے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزائے موت سنائی تھی۔


