گلگت بلتستان کے تعلیمی سفر کے ارتقاء کی شاندار داستان اور ماضی کے معزز اساتذہ کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایک منفرد تاریخی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اس اہم پیش رفت کا بنیادی مقصد خطے کے تعلیمی ارتقاء کو دستاویزی شکل دینا اور ایک جامع تاریخی تعلیمی آرکائیو قائم کرنا ہے، تاکہ آنے والی نسلیں اپنے علمی ورثے اور اسلاف کی جدوجہد سے روشناس ہو سکیں۔
محکمہ تعلیم کا مؤقف ہے کہ یہ عظیم مقصد عوامی شراکت داری کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، اسی لیے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے غیور عوام اور معزز رہائشیوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذاتی مجموعوں میں موجود نایاب علمی نوادرات ، تاریخی تصاویر و دستاویزات اور اسناد کو اس قومی مقصد کے لیے پیش کریں۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاس محفوظ پرانے سکولوں، کلاس رومز اور تاریخی عمارات کی تصاویر سمیت دہائیوں پرانے نوٹیفکیشنز، تعلیمی اسناد، سرٹیفکیٹس اور تعلیم سے متعلق کسی بھی قسم کے ریکارڈ یا یادگاری اشیاء کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
سکولز ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی اس مہم کے ذریعے اکٹھا کیا جانے والا مواد نہ صرف خطے کی بھرپور تعلیمی تاریخ کو ضائع ہونے سے بچائے گا بلکہ یہ ریکارڈ مستقبل کے محققین اور طلبہ کے لیے ایک مشعل راہ ثابت ہوگا۔
انتظامیہ کی جانب سے مواد کی ترسیل کے عمل کو نہایت آسان بناتے ہوئے درخواست کی گئی ہے کہ شہری اپنے پاس موجود تاریخی دستاویزات کی اعلیٰ معیار کی تصاویر یا اسکین شدہ کاپیاں فوکل پرسن، فیصل شاکر (ڈی ڈی ای ہنزہ) کو واٹس ایپ نمبر 03469209079 پر ارسال کر سکتے ہیں یا ان کو بذریعہ ای میل faisalshakir2016@gmail.com بھجوا سکتے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عوام اپنے مشترکہ ماضی کے احترام میں اس مہم کا حصہ بن کر اپنی تاریخ کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیں گے۔


