گلگت بلتستان انتخابات: ووٹوں کے تناسب سے پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری

Date:

گلگت بلتستان انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی ووٹوں کے تناسب سے سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ مجموعی طور پر ڈالے گئے ووٹوں میں سے 30 فیصد ووٹ حاصل کرکے پیپلز پارٹی نے دیگر جماعتوں پر سبقت حاصل کی، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 22 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

الیکشن نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی ووٹوں کا 29 فیصد حاصل کیا، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی 8 فیصد ووٹ لینے میں کامیاب رہی۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 11 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

دیگر جماعتوں میں مجلس وحدت مسلمین اور اسلامی تحریک پاکستان نے چار، چار فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مجموعی ووٹوں کا دو فیصد حاصل کر سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان انتخابات میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 22 ہزار 617 ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک لاکھ 55 ہزار 620 ووٹ حاصل کیے، جبکہ آزاد امیدواروں کے حصے میں ایک لاکھ 47 ہزار 749 ووٹ آئے۔ مسلم لیگ (ن) کو ایک لاکھ 16 ہزار 529 ووٹ ملے۔

استحکام پاکستان پارٹی نے 40 ہزار 203 ووٹ حاصل کیے، مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کو 22 ہزار 61 اور اسلامی تحریک پاکستان کو 21 ہزار 362 ووٹ ملے۔ جے یو آئی (ف) کے امیدواروں نے 11 ہزار 408 ووٹ حاصل کیے۔

دیگر سیاسی جماعتوں میں عوامی ورکرز پارٹی کو 3 ہزار 819، جماعت اسلامی کو ایک ہزار 261، پاکستان مسلم لیگ کو ایک ہزار 38 اور پاکستان نظریاتی پارٹی کو 790 ووٹ ملے۔ ایم کیو ایم پاکستان 261، پاکستان مرکزی مسلم لیگ 134، عوامی نیشنل پارٹی 53، پاکستان عوامی تحریک 22 جبکہ تحریک تحفظ پاکستان صرف 7 ووٹ حاصل کر سکی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ووٹوں کے مجموعی تناسب سے پیپلز پارٹی کی برتری اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جماعت کو گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں وسیع عوامی حمایت حاصل رہی، جبکہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی اور ووٹ بینک خطے کی سیاست میں آزاد حیثیت رکھنے والے امیدواروں کے اثر و رسوخ کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related