شوکت نواز میر،خواجہ مہران ارشداور ساتھیوں کے خلاف بغاوت اور ریاست مخالف سرگرمیوں کی تحقیقات کا آغاز

Date:

مظفرآباد: محکمہ داخلہ حکومت آزاد جموں و کشمیر نے شوکت نواز میر اور خواجہ مہران ارشد کے خلاف بغاوت اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات کے تحت باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں جرم آمیز تقاریر، تحریروں، اشاعتوں اور الیکٹرانک مواصلات سے متعلق تحقیقات کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق شوکت نواز میر کے خلاف تعزیراتِ آزاد جموں و کشمیر کی دفعہ 124-اے کے تحت تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ دستیاب مواد کے ابتدائی جائزے کے بعد سامنے آنے والے الزامات مزید قانونی تحقیقات کے متقاضی قرار پائے ہیں۔

حکام کے مطابق ضابطہ فوجداری کی دفعہ 196 کے تحت متعلقہ ضلعی پولیس سربراہان کو تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد متعلقہ عدالتوں میں چالان پیش کیے جائیں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق 6 جون کو منظر عام پر آنے والی مبینہ آڈیو اور اس کے بعد راولاکوٹ میں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات کے درمیان مماثلت نے تحقیقات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی ہے۔ اسی تناظر میں حکومت نے ایس ایس پی مظفرآباد کو شوکت نواز میر کے خلاف تحقیقات مکمل کرنے جبکہ ایس ایس پی میرپور کو خواجہ مہران ارشد کے خلاف تحقیقات آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنماؤں کی ایک مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں شوکت نواز میر اور خواجہ مہران ارشد کو آزاد کشمیر میں احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آڈیو کے مندرجات اور دیگر دستیاب شواہد کو تحقیقات کا حصہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ قانونی کارروائی متعلقہ قوانین کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related