وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ایران کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے اور اب وہ اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کے ہمراہ 3 جولائی کو تہران روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کی ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں پاک ایران تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال بھی مذاکرات کا اہم محور ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایران کے دورے کے بعد ترکیہ بھی جائیں گے، جہاں 4 جولائی کو ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو کی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے وفد میں شامل ہوں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی تہران جائیں گے اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔


