چین نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایران کے جوہری توانائی کے پُرامن استعمال کی حمایت جاری رکھے گا۔چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین ایران کی خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کی حمایت جاری رکھے گا۔وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین ایرانی عوام کی طاقت کی سیاست اور دباؤ کے خلاف مزاحمت کی حمایت کرتا ہے اور ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کے عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ایران کے اس حق کا احترام کرتا ہے کہ وہ پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی استعمال کرے، اور چین ہر قسم کی طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کے خلاف ہے۔وانگ یی نے مزید کہا کہ چین اختلافات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے کا حامی ہے، اور ایران کی جانب سے سفارتی ذرائع سے امن کے قیام کی کوششوں کو سراہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ایرانی جوہری مسئلے کے پُرامن حل اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے، اور ایران کے تمام فریقین سے مذاکرات جاری رکھنے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
چین ایران کی خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کی حمایت جاری رکھے گا۔وانگ یی
Date: