اسلامی تحریک پاکستان کی درخواست پر زائرین کو درپیش مشکلات کے ازالے اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کو ایک اہم مراسلہ ارسال کیا ہے۔
مراسلے میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ ہر سال بڑی تعداد میں زائرین گلگت بلتستان سے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہروں مشہد، قم اور عراق کا سفر کرتے ہیں، لیکن اس دوران خاص طور پر زمینی راستوں پر سیکورٹی، امیگریشن اور طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وفاقی وزارت داخلہ سے درخواست کی ہے کہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کے راستے میں آنے والے تمام صوبوں کو سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ان کا سفر محفوظ، باوقار اور سہل بنایا جا سکے۔مزید براں، انہوں نے طبی کیمپس کے قیام، امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے، اور راستے میں قیام و آرام کی سہولیات فراہم کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ محمد علی قائد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ زائرین کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اسلامی تحریک کی بروقت نشاندہی پر فوری ایکشن لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان زائرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔
زائرین کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی وفاقی وزیر داخلہ کو مراسلہ
Date: