تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگکورن اور ملکہ سوتھیدا نے ایک غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے بھوٹان سے واپسی کے دوران خود جہاز اڑایا۔ روانگی کے وقت دونوں شاہی شخصیات بوئنگ 737 طیارے میں پائلٹ اور کو پائلٹ کی حیثیت سے موجود رہیں۔
یہ واقعہ تھائی لینڈ اور بھوٹان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے والے دورے کے اختتام پر پیش آیا۔ اس دورے میں تھائی شاہی جوڑے نے بھوٹان کے بادشاہ اور شاہی خاندان سے ملاقات کی، مختلف تقریبات میں شرکت کی اور ثقافتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
پرواز کے دوران بادشاہ مہا وجیرالونگکورن نے طیارے کو کنٹرول کیا جبکہ ملکہ سوتھیدا نے کو پائلٹ کا کردار ادا کیا۔ دونوں کو ہوا بازی میں خصوصی تربیت حاصل ہے، اور بادشاہ وجیرالونگکورن ماضی میں بھی تھائی فضائیہ کے ساتھ بطور پائلٹ خدمات انجام دے چکے ہیں۔اس منفرد اقدام نے بین الاقوامی میڈیا میں توجہ حاصل کی اور سوشل میڈیا پر بھی شاہی جوڑے کے اس اقدام کو دلچسپ اور غیر روایتی قرار دیا جا رہا ہے۔