ملک کے مختلف علاقوں میں حالیہ سیلابی صورتحال نے پاکستان ریلوے کو بھاری مالی نقصان سے دوچار کر دیا۔ محکمہ ریلوے کو مجموعی طور پر 6 ارب 78 کروڑ 40 لاکھ 54 ہزار روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ذرائع کے مطابق، ریلوے ہیڈکوارٹر نے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے وزارت ریلوے کو ارسال کر دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 17 کلومیٹر ریلوے ٹریک سیلابی پانی سے متاثر ہوا۔
ٹریک کی خرابی کے باعث 1 ارب 17 کروڑ 70 لاکھ روپےکا نقصان ہوا، جبکہ ٹریک سے ملحقہ اشیاء کی تباہی سے مزید 1 ارب 17 کروڑ 66 لاکھ روپے کا نقصان رپورٹ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق، ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی اور مال گاڑیوں کی تعداد میں کمی سے 2 ارب 61 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جب کہ ٹکٹوں کی ری فنڈنگ اور منسوخی کے نتیجے میں 1 ارب 81 کروڑ 54 لاکھ 54 ہزار روپے کا خسارہ اٹھانا پڑا۔محکمہ ریلوے کے مطابق، نقصان کے تخمینے حتمی نہیں اور مزید تفصیلات آنے والے دنوں میں رپورٹ کا حصہ بنائی جائیں گی۔