مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایوانِ صدر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اتفاقِ رائے کا اظہار کیا۔
ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں رہا، اس لیے ن لیگ تحریکِ عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ آزاد کشمیر کی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی اور اپنی آئندہ حکمتِ عملی اپوزیشن میں رہ کر طے کرے گی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد اور نئی حکومت کی تشکیل کی منظوری دے دی
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان تحریکِ عدم اعتماد پر مکمل اتفاق ہو گیا ہے، تاہم حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی جبکہ ن لیگ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے نئے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کا فیصلہ ہے کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھے گی تاکہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام لایا جا سکے اور عوامی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔


