سوئی ناردرن گیس کمپنی نے مالی سال 2025-26 کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست اوگرا کو جمع کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنی نے گیس کی اوسط قیمت میں 189 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی سفارش کی ہے۔ سوئی ناردرن کی جانب سے گیس کی نئی اوسط قیمت 1955 روپے 50 پیسے مقرر کرنے کی درخواست دی گئی ہے، جب کہ اس وقت گیس کی اوسط قیمت 1766 روپے 50 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنی نے اپنی درخواست میں 52 ارب 95 کروڑ روپے کے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ پیش کیا ہے، جب کہ ایل این جی سروس کے اخراجات کی مد میں 316 روپے 64 پیسے فی یونٹ مانگے گئے ہیں۔
اوگرا سوئی ناردرن کی اس درخواست پر سماعت 7 نومبر کو کرے گا۔ دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی اپنے مالی خسارے کی مد میں 34 ارب 25 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔


