وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے ضلع کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کا حکم دے دیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ وہ واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعاگو ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور حملے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس حملے کو بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان کے بے گناہ شہریوں پر کی جانے والی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اسے قابلِ مذمت کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے کاروائیاں کرنے والے خوارج نے وانا میں معصوم بچوں پر بھی حملہ کیا، اور بھارتی پشت پناہی کے تحت سرحد پار سے جاری حملوں کی مذمت کی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ نہتے اور معصوم پاکستانیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ریاست اس سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کرے گی۔


