پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کو ٹیلی نار پاکستان خریدنے کی باقاعدہ اجازت دے دی۔ پی ٹی اے نے پی ٹی سی ایل ٹیلی نار معاہدے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈیل تمام قواعد و ضوابط کے مطابق ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر میں اس بڑی ڈیل کے مسابقتی اثرات سمیت جامع جائزے کے بعد این او سی جاری کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کو ہدایت کی ہے کہ کمپنیوں کی منتقلی کے دوران سروس کا معیار برقرار رکھا جائے اور صارفین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
پی ٹی اے نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، جب کہ دونوں کمپنیوں کو لائسنس کی تمام شرائط پوری کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ انضمام کے عمل کے دوران باریک بینی سے مانیٹرنگ جاری رہے گی تاکہ صارفین کو بلاتعطل اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔


