فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، نے اپنے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور عسکری تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتِ حال شامل تھی۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے جاری شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز شاہ عبدالعزیز میڈل (ایکسِلینٹ کلاس) سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز ان کی نمایاں عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کے فروغ میں مرکزی کردار کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اسٹریٹجک وژن اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی قیادت اور خادمِ حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعزاز کو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔شاہ عبدالعزیز میڈل کا اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات اور دفاعی و اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔


