بلوچستان کے ضلع چاغی میں آئل ٹینکر اور مسافر گاڑی کے درمیان ہونے والے شدید تصادم میں 10 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ تحصیل نوکنڈی کے قریب ریکوڈک سائٹ روڈ پر پیش آیا، جہاں دونوں گاڑیاں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔
نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق حادثے میں مسافر گاڑی کے ڈرائیور سمیت متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے ڈرائیور کی شناخت خدائے نظر کے طور پر کی ہے، جو تفتان کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دیگر افراد کا تعلق افغانستان سے ہو سکتا ہے اور وہ غیر قانونی طور پر پاکستان کے راستے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
حادثے کے فوری بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو نوکنڈی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔


