ایران کی نیم سرکاری مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ خوزستان کے علاقے مغربی کارون میں ایران کے دوسرے بڑے آئل پروسیسنگ یونٹ کا افتتاح کردیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ اہوازصوبے میں واقع سنٹرل ٹریٹمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پلانٹ ہے جسے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے حکم پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے باضابطہ طور پر فعال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ملک کا سب سے بڑا مرکزی آئل پروسیسنگ یونٹ ہے، جو نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے تحت مغربی کارون کے آئل فیلڈز میں ایک اسٹریٹجک بنیادی ڈھانچے کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد جنوبی آزادگان آئل فیلڈ اور اس سے ملحقہ دیگر میدانوں سے خام تیل کی پروسیسنگ اور ترسیل کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
منصوبہ مغربی کارون میں تیل کی پیداوار اور ترقی کے مراحل کے درمیان ایک اہم کڑی کی حیثیت رکھتا ہے اور مشترکہ آئل فیلڈز سے محفوظ اور پائیدار تیل کی پیداوار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ منصوبے سے نہ صرف جنوبی آزادگان فیلڈ بلکہ پورے خطے میں دیگر آئل فیلڈز کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھی بنیادی سہولت فراہم ہوگی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے وزارت پٹرولیم کے ماہر انجینئروں اور تکنیکی عملے کی مسلسل اور انتھک محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وزارت اپنے طے شدہ اہداف کو کامیابی سے عملی جامہ پہنائے گی۔


