صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے مزید جنگی جہاز گرائے جا سکتے تھے مگر پاکستان نے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا، تاہم اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو پوری تیاری کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
گڑھی خدا بخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ شہید محترمہ کا نعرہ تھا اور آج بھی یہی پیغام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کو اب یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، بھارت شکر کرے کہ پاکستان نے لحاظ کیا ورنہ اس کے تمام جہاز گرائے جا سکتے تھے۔
آصف زرداری نے کہا کہ جو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے یاد رکھنا چاہیے کہ یہاں پیپلز پارٹی اور اس کے جیالے موجود ہیں، ہم نے ایسا آرمی چیف تعینات کیا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہتے ہیں وہ چند دن کی جنگ بھی برداشت نہ کر سکے، جبکہ ہمارے فوجی سربراہ اور افواج کے حوصلے کا کوئی مقابلہ نہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت بڑی طاقت ہونے کا دعویدار ضرور ہے مگر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف جیسا حوصلہ اور جرات کہاں سے لائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنگی صورتحال کے دوران انہیں بنکر میں جانے کا مشورہ دیا گیا مگر انہوں نے واضح کیا کہ ہم میدان میں مرنے کے لیے تیار ہیں، ہم لڑائی نہیں چاہتے لیکن اگر کسی نے ہاتھ بڑھایا تو بھرپور جواب دیا جائے گا اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو سخت قیمت چکانا پڑے گی۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ ایک ناسمجھ شخص نے چند سالوں میں دنیا بھر میں پاکستان کے تعلقات کو نقصان پہنچایا، جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔


