چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ہر معاملہ برابری کی بنیاد پر طے ہوگا اور اگر بھارتی ٹیم ہینڈ شیک نہیں کرنا چاہتی تو پاکستان کو بھی اس میں کوئی رغبت نہیں ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارتی انڈر 19 ٹیم کے رویے پر آئی سی سی سے بات کی جائے گی اور اس حوالے سے آئی سی سی کو خط بھی لکھا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے لیے وسیم اکرم کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے اور اب 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے لیگ شروع کرنے کا منصوبہ ہے، جس کا حتمی فیصلہ تمام فرنچائزز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد ملتان سلطان کی نیلامی ہوگی اور اس سال پی سی بی خود ملتان سلطانز کو آپریٹ کرے گا۔ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے لیے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کیا ہے جبکہ ٹیموں کی بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ جنوری ان کے لیے اہم مہینہ ہے اور توقع ہے کہ ٹیمیں اچھی فروخت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نیوز چینلز سے اسپورٹس ایونٹ کی کوریج کے لیے وزیر اطلاعات سے درخواست کی جائے گی۔
کرکٹ اکیڈمی کو خطے کی بہترین اکیڈمی بنانے اور پاکستان شاہینز کو مضبوط کرنے کے بھی منصوبے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ بال کے کوچ کا فیصلہ ابھی باقی ہے اور ٹیم اس پر کام کر رہی ہے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے اب تک تین ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔


