باجوڑ کے علاقے خار میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 خارجی ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجیوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا اور یہ دہشتگرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 5 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پذیرائی کی۔
انہوں نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل زمان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کو ہر قسم کی دہشتگردی سے پاک کرنے کے لیے عزم پرُ عزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دوران آپریشن 5 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت قابل تعریف ہے۔
صدر نے میجر عدیل زمان کو جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کہا کہ میجر عدیل زمان کی جرات اور وطن کے لیے عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
میجر عدیل زمان شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرداخلہ محسن نقوی اور کور کمانڈر پشاور نے بھی شرکت کی۔

فیلڈ مارشل نے میجر عدیل زمان شہید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج کے شہدا قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل زمان شہید نے فرنٹ لائن سے قیادت کرتے ہوئے فرض کی ادائیگی میں جان قربان کی، اور افواج پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
میجر عدیل زمان شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان میں سپرد خاک کیا گیا۔ بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور زخمی افسران و جوانوں کی عیادت کی، ان کی جرات، حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا گیا۔


