پرتگال کے 40 سالہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا النصر کلب سے معاہدہ رواں ماہ ختم ہو رہا ہے۔سعودی کلب النصر نہ صرف فیفا کلب ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا بلکہ رونالڈو کی موجودگی کے باوجود کوئی بڑا ٹائٹل جیتنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکا۔ ٹیم ایشین چیمپئنز لیگ اور فیفا کلب ورلڈ کپ کے لیے جگہ بنانے سے قاصر رہی، جس سے شائقین کو سخت مایوسی ہوئی۔فیفا کے صدر کی جانب سے عندیہ دیا گیا تھا کہ اگر النصر کلب ٹورنامنٹ میں کوالیفائی نہ کر سکا، تو رونالڈو کسی اور کوالیفائیڈ ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ تاہم اب رونالڈو نے اس امکان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف کلبوں کی جانب سے انہیں کھیلنے کی پیشکشیں ضرور ملیں، جن میں کچھ کافی پرکشش بھی تھیں، لیکن انسان ہر موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔حال ہی میں رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا:دی چیپٹر از اوور،، یہ پوسٹ انہوں نے النصر کے لیے سیزن کا آخری میچ کھیلنے کے بعد مئی میں شیئر کی تھی، جسے مداحوں نے ان کے النصر سے رخصت کی طرف اشارہ قرار دیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ النصر کلب رونالڈو کے ساتھ معاہدے میں توسیع کے لیے پُرامید ہے۔رونالڈو نے النصر کلب کے لیے اب تک 111 میچوں میں شرکت کی اور 99 گول اسکور کیے۔یاد رہے کہ فیفا کلب ورلڈ کپ اس ماہ امریکہ میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں دُنیا بھر سے 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
کرسٹیانو رونالڈوکی اس ماہ ہونے والے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی تردید
Date: