تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی افواج کے مابین جاری جھڑپوں کے نتیجے میں تھائی لینڈ میں کم از کم 14 افراد جبکہ کمبوڈیا میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ سرحدی علاقوں میں شدید گولہ باری اور راکٹ حملوں کی وجہ سے دونوں ممالک سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق، جمعہ کو یہ جھڑپیں دوسرے روز بھی جاری رہیں اور یہ گزشتہ دس سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان سب سے خونریز فوجی تصادم قرار دیا جا رہا ہے۔ قائم مقام تھائی وزیراعظم پھم تھم ویچایچائی نے خبردار کیا کہ ’’صورتحال بگڑ چکی ہے اور یہ کسی بھی وقت مکمل جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔‘‘کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن منیٹ نے کہا کہ انہوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم اور آسیان کے چیئرمین انور ابراہیم کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی تجویز کو قبول کیا تھا، تاہم تھائی لینڈ نے ابتدائی منظوری کے بعد اس سے دستبرداری اختیار کر لی۔ ہن منیٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں لکھا، ’’تھائی فیصلے پر افسوس ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’تھائی لینڈ کی جانب سے مخلصانہ طور پر جنگ بندی پر رضامندی ہی اس تنازع کے پرامن حل کی بنیاد ہو سکتی ہے۔‘‘تھائی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اصولی طور پر جنگ بندی کے حق میں ہے، تاہم اس کا انحصار زمینی حقائق پر ہوگا۔ بیان میں کہا گیا، ’’یہ واضح رہے کہ کمبوڈین فورسز نے دن بھر تھائی علاقوں پر اندھا دھند حملے کیے، جو شہریوں کے لیے خطرہ اور نیک نیتی کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔تھائی بحریہ کے ترجمان ریئر ایڈمرل سوراسنٹ کونگ سیری کے مطابق، جھڑپیں اب 12 سرحدی مقامات تک پھیل چکی ہیں، جو اس سے پہلے صرف چھ تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمبوڈیا کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال جاری ہے۔تھائی وزارت صحت کے مطابق، جمعرات کو جھڑپوں کے آغاز میں 13 عام شہری اور ایک فوجی ہلاک ہوا، جبکہ کمبوڈیا کے اودار مینجے صوبے کے حکام کے مطابق، تھائی حملوں میں ایک شخص مارا گیا اور پانچ زخمی ہوئے۔ خمیر ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ پریہ ویہیر صوبے کے شمالی علاقوں سے 20 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔تھائی وزارت داخلہ کے مطابق، کمبوڈیا سے ملحقہ چار صوبوں سے ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور 300 سے زائد امدادی مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔حکومتِ تھائی لینڈ نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر سرحدی علاقوں کے آٹھ اضلاع میں مارشل لا نافذ کر دیا ہے۔
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جھڑپیں: 15 افراد ہلاک، 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور
Date: