تفصیلات کے مطابق، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی پر وقار دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔ریاض کے ال یمامہ پیلس میں ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب نے وزیرِ اعظم پاکستان کا شاندار استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا باقاعدہ اجلاس بھی منعقد کیا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات، بھائی چارہ، اسلامی یکجہتی اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط دونوں ممالک کی شراکت داری، قریبی دفاعی تعاون اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کے پیشِ نظر، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کیے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو مستحکم کرنے اور خطے و دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
معاہدے کے مطابق، کسی ایک ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا، جس سے دفاعی تعاون اور مشترکہ تحفظ کو مزید فروغ ملے گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی وفد کے ہمراہ گرمجوشی اور مہمان نوازی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب اور سعودی عوام کے لیے مسلسل ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔ عزت مآب ولی عہد نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اچھی صحت اور پاکستان کے عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔