اسلامی ممالک کے فوجی انسدادِ دہشت گردی اتحاد (IMCTC) کا ایک اعلیٰ سطحی وفد، سعودی عرب کے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں، 2 سے 8 فروری تک پاکستان کا تاریخی دورہ کر رہا ہے۔
اس دورے کا مقصد 43 اسلامی ممالک پر مشتمل اتحاد کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات، پیشہ ورانہ فوجی تعاون اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررازم کوالیشن کا 17 رکنی وفد پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے ایک خصوصی اور جدید تربیتی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح بھی کرے گا۔ حکام کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جدید ترین حکمتِ عملی، آپریشنل مہارت اور مؤثر ردِعمل کے طریقۂ کار کو عملی شکل دی جائے گی۔
سعودی قیادت میں آنے والا یہ وفد پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرے گا، جو خطے میں دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور کامیاب جدوجہد کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ تربیتی پروگرام میں انٹیلی جنس شیئرنگ، مشترکہ آپریشنز، صلاحیت سازی اور انتہا پسندی کے سدِباب جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق سعودی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور اسلامی دنیا کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مضبوط، منظم اور مؤثر اتحاد کی واضح علامت ہے۔ اس پیش رفت سے نہ صرف خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا بلکہ اسلامی ممالک کے درمیان فوجی و تزویراتی تعاون کو بھی نئی سمت ملے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آج اسلامی دنیا کی نظریں پیشہ ورانہ فوجی تعاون، انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ حکمتِ عملی اور ایک مضبوط اتحاد کی تشکیل کے لیے پاکستان کی جانب مرکوز ہیں، جو عالمی سطح پر امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔


