شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں ایک خارجی نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے کیمپ کی دیوار سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی، اور اسی دوران تین اور خوارج نے کیمپ کے اندر دھاوا بولنے کی کوشش کی۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے بہادرانہ اور وقت پر کی گئی کارروائی کے باعث وہ تینوں حملہ آور کیمپ میں داخل ہونے میں ناکام رہے اور فورسز نے انہیں موقع پر ہی جہنم واصل کر دیا۔حملے میں فورسز کو کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں اٹھانا پڑا۔ سکیورٹی ذرائع بتاتے ہیں کہ صرف پچھلے دو دن کے دوران افغان طالبان کی حمایت یافتہ 88 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے، جو اس عزم اور موثر کارروائی کا ثبوت ہے جسے افواجِ پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جاری رکھے ہوئے ہیں۔سکیورٹی فورسز کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت یہ کارروائی تب تک جاری رہے گی جب تک ملک سے تمام خوارج اور انتہا پسند عناصر کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔