پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق ساس اور معروف برطانوی سماجی شخصیت لیڈی انیبل گولڈ سمتھ 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
لیڈی انیبل 11 جون 1934 کو لندن میں پیدا ہوئیں اور برطانوی اشرافیہ کے ایک معزز خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ ان کی پہلی شادی مارک برلی سے ہوئی، جنہوں نے لندن کا مشہور نائٹ کلب "انیبلز” (Annabel’s) اپنی اہلیہ کے نام پر قائم کیا۔ بعد ازاں انہوں نے معروف بزنس مین سر جیمز گولڈ سمتھ سے شادی کی۔
مرحومہ کے تین بچے ہیں — جمائمہ، زیک، اور بین گولڈ سمتھ۔ ان کی بیٹی جمائمہ گولڈ سمتھ نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی، جس کے باعث لیڈی انیبل کچھ عرصہ کے لیے عمران خان کی ساس رہیں۔
لیڈی انیبل برطانیہ کی سماجی و ثقافتی تقریبات میں دہائیوں تک نمایاں کردار ادا کرتی رہیں۔ ان کا نائٹ کلب
انیبلزعالمی شہرت رکھتا تھا، جہاں عالمی شخصیات اکثر شریک ہوتی تھیں۔انہوں نے اپنی زندگی پر مبنی کتاب “Annabel: An Unconventional Life” بھی لکھی، جس میں انہوں نے اپنی غیر معمولی زندگی کے تجربات اور برطانوی سماجی دنیا کے رنگ بیان کیے۔
ان کے خاندان نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی میڈیا نے لیڈی انیبل کو "ایک عہد کی علامت” قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پاکستان میں بھی ان کے انتقال کی خبر کو توجہ ملی ہے کیونکہ ان کا رشتہ جمائمہ گولڈ سمتھ کے ذریعے پاکستان سے جڑا رہا۔