ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کی بحری افواج نے بحیرہ کیسپین میں باکو کے ساحل کے قریب بوئوک زیرا جزیرے کے اطراف مشترکہ امدادی اور بچاؤ کی مشقیں انجام دیں۔ یہ چار روزہ مشق "AZIREX 2025” کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس میں ایرانی بحریہ، پاسدارانِ انقلاب کی نیول فورس اور آذربائیجانی نیول یونٹس نے حصہ لیا۔
ایرانی بحری بیڑے میں پائکان اور سپار میزائل بردار جہازوں کے ساتھ سپاہ پاسدارانِ انقلاب کا جنگی جہاز شہید بصیر بھی شامل تھا۔
پابندیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے، ایرانی نائب وزیر خارجہ حمید قنبری
دونوں ممالک کی سیکیورٹی فورسز نے اس مشق کے ذریعے مشترکہ منصوبہ بندی، امدادی کارروائیوں اور بچاؤ کی حکمت عملیوں کو مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کی۔
دفاعی ذرائع کے مطابق، اس مشق کا بنیادی مقصد بحیرہ کیسپین میں بحری سلامتی کو بہتر بنانا، نیول تعاون کو فروغ دینا اور ایرانی و آذری افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنا تھا۔
مشق کے دیگر اہداف میں تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکرز کی حفاظت، مستقبل کی مشترکہ مشقوں کے لیے باہمی فریم ورک کی تشکیل، اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دوستانہ عسکری تعلقات کو فروغ دینا شامل تھا۔