ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد شہریوں کے چہرے واقعی ٹماٹر کی طرح سرخ ہوگئے ہیں۔ صرف 24 گھنٹوں کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 200 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق، لاہور اور پشاور میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ کراچی میں یہ 400 سے 500 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
پاکستان کا بڑا تجارتی قدم،افغانستان، ایران اور روس کے ساتھ نیا بارٹر ٹریڈ فریم ورک متعارف
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سستے اتوار بازاروں میں تو ٹماٹر دستیاب ہی نہیں، جبکہ کوئٹہ میں بھی قیمتوں نے پر لگا لیے ہیں اور اندرونِ شہر مختلف علاقوں میں 400 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں نئی فصل کی تاخیر، ایران سے کم سپلائی، افغانستان سے درآمد میں رکاوٹ اور مقامی طلب میں اضافہ شامل ہیں۔
شہریوں نے ٹماٹر کی بے تحاشا مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو قابو میں لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر اگلے دو ہفتوں میں نئی فصل منڈیوں تک نہ پہنچی تو قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے عام گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔