گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبے کے مختلف اضلاع میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز، پاک افغان موجودہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران ڈی آئی خان میں پولیس ٹریننگ سنٹر اور نادرا آفس پر دہشتگردانہ حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ متاثرہ عمارتوں کی ازسرنو بحالی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے داعی ہیں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے قیامِ امن ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک و قوم کے دشمنوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں اور قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔