ایبٹ آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے 40 ارب روپے کے مالیاتی اسکینڈل میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی۔نیب ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد میں چھاپے کے دوران مرکزی ملزم کے گھر سے 10 کروڑ روپے جبکہ اس کے ساتھی کے گھر سے بھی مزید 10 کروڑ روپے نقدی برآمد کی گئی۔
اہم انکشاف اس وقت سامنے آیا جب مرکزی ملزم کی زیرِ حراست اہلیہ نے چھپائی گئی رقم کی نشاندہی کی۔نیب کے مطابق اب تک اس میگا اسکینڈل میں مجموعی ریکوری 2 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق دو روز قبل نیب نے کوہستان کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم کے ساتھی بلال شاہ کے گھر سے 115 تولے سونا بھی برآمد کیا تھا۔
نیب حکام نے مزید بتایا کہ ملزم کا ایبٹ آباد میں 6 کروڑ روپے مالیت کا ایک قیمتی پلاٹ بھی موجود ہے۔تحقیقات کے دوران پولیس سب انسپکٹر نصیرالدین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو اسکینڈل میں معاونت کے الزام میں زیرِ حراست ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں ساڑھے تین کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن سامنے آئی ہے، جو مرکزی ملزم قیصر اقبال نے خود اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کی۔
نیب نے کارروائی کے دوران مرکزی ملزم قیصر اقبال کا ایک قیمتی بنگلہ بھی ضبط کرلیا ہے جس کی مالیت تقریباً 6 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ بنگلہ ملزم نے اپنے بھائی کے نام پر خریدا تھا تاکہ اسے نیب کی گرفت سے چھپایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیمیں مزید مقامات پر چھاپے اور ریکوری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ بڑے پیمانے پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔


