پشاور: کئی دنوں کی مشاورت اور سیاسی سرگرمیوں کے بعد بالآخر خیبر پختونخوا کابینہ کی ابتدائی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ 10 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس کا باضابطہ اعلان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آئندہ چند روز میں کریں گے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سابق وزرا مینا خان آفریدی اور آفتاب عالم کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی طرح اکبر ایوب خان اور عارف احمد زئی کے نام بھی مضبوط امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ضلع خیبر سے عدنان قادری اور نوشہرہ سے ادریس خٹک کو بھی نئی کابینہ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں احتشام علی ایڈووکیٹ، میاں شرافت، ڈاکٹر امجد اور ریاض خان کے نام بھی زیرِ غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مختصر مگر فعال ٹیم کے ساتھ صوبائی حکومت کے امور چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فیصلے تیز رفتاری سے کیے جا سکیں اور عوامی مسائل کے حل میں تاخیر نہ ہو۔قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کابینہ تشکیل دے دی گئی ہے، جلد اعلان ہوگا۔ پہلے مرحلے میں کابینہ 10 سے زائد ارکان پر مشتمل ہوگی۔
یاد رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ چھوٹی مگر مؤثر کابینہ تشکیل دیں تاکہ انتظامی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ کابینہ خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی سمت کا تعین کرے گی اور کئی نئے چہرے پہلی مرتبہ حکومت کا حصہ بنیں گے۔


