بیروت: لبنان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنانی صدر جوزف عون نے بیروت میں امریکی ایلچی موگن ٹاگِس سے ملاقات کے دوران اسرائیل کی مسلسل بمباری اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
صدر عون نے کہا کہ جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کو اب عملاً متحرک ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اسرائیل کی جانب سے جاری خلاف ورزیاں روکی جا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی برادری خاموش رہی تو یہ صورتحال پورے خطے میں ایک نئے انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے۔
لبنانی صدرجوزف اعون نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان کے بے گھر شہریوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کا حق دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ خیموں میں زندگی گزارنا ان بے گھر خاندانوں کے لیے ناقابلِ برداشت ہو گا، لہٰذا ضروری ہے کہ اسرائیلی بمباری بند ہو تاکہ لوگ اپنی تباہ شدہ بستیوں کی تعمیر و مرمت دوبارہ شروع کر سکیں۔
صدر عون نے یہ بھی واضح کیا کہ لبنان امن چاہتا ہے، مگر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے عوام کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔


