دارالسلام: تنزانیہ کے الیکشن کمیشن نے موجودہ صدر سمعیہ سلوہو حسن کو ایک بار پھر ملک کی صدر قرار دے دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق صدر حسن نے 98 فیصد ووٹ حاصل کر کے دوسری مدت کے لیے کامیابی حاصل کی۔
تاہم، ان نتائج کے بعد ملک میں صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ متنازعہ صدارتی انتخابات کے خلاف مختلف شہروں میں شدید احتجاج جاری ہے۔ فوج تعینات کر دی گئی ہے، انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جبکہ مشتعل مظاہرین نے بسوں، پیٹرول پمپس اور پولیس اسٹیشنوں کو نذرِ آتش کر دیا ہے۔ کئی پولنگ مراکز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 700 سے 800 تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق مظاہروں میں کم از کم 100 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔


