قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میچ میں کرکٹ شائقین نے تاریخ رقم کردی۔
میچ کے دوران اسٹیڈیم شائقینِ کرکٹ سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے مداحوں نے اپنی پسندیدہ ٹیموں کے لیے پرجوش انداز میں داد دی۔
گراؤنڈ اسکرین پر بتایا گیا کہ میچ مکمل طور پر ہاؤس فل رہا، اور اس موقع پر 32 ہزار 437 شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔


شائقین کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی نے نہ صرف کرکٹ کے ساتھ ان کی گہری وابستگی بلکہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سیریز میں عوامی دلچسپی کو بھی اجاگر کیا۔
میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو شکست دی اور سیریز اپنے نام کرلی۔


