اسلام آباد جی الیون کچہری میں ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔
پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد تمام میتیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں، جن میں وکیل زبیر اسلم گھمن کی میت بھی شامل ہے۔
اسپتال حکام نے بتایا کہ شہدا کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ 13 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کچہری میں دھماکے کے بعد دارالحکومت کے ریڈ زون اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ اور اس کے اطراف میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے خود مرکزی گیٹ پر پہنچ کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ ہائیکورٹ کے دوسرے گیٹ پر بھی گاڑی تعینات کی جائے۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔


