افرادِ باہم معذوری کے عالمی دن 3 دسمبر کے موقع پر ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن گلگت کے زیرِ انتظام اور قراقرم انکلیسو اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے مشرف ہال قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں ایک جامع اور اہم آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام آغا خان رورل سپورٹ پروگرام AKRSP کے AGEM گرانٹ کے تحت منعقد کیا گیا۔
تقریب میں بصری، جسمانی اور مختلف نوعیت کی دیگر معذوریوں کے حامل افراد کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات، فیکلٹی ممبران، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

پروگرام کے دوران معذور افراد کو درپیش تعلیمی، سماجی، معاشی اور معاشرتی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ معذوری کسی شخص کی صلاحیتوں میں کمی نہیں کرتی؛ مناسب سہولیات، رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ افراد معاشرے کے فعال، باوقار اور کارآمد شہری ثابت ہوتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرنے والوں میں ڈاکٹر عبدالرزاق ایڈیشنل وائس چانسلر، KIUسید ارشاد کاظمی چیئرمین، ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن علی کامران نور صدر، KISA ڈاکٹر ہادی حسین حیدری ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، اسپیشل ایجوکیشن، KIU ڈاکٹر قمر عباس پرووسٹ، KIU
ڈاکٹر سید منیر حسین کاظمی وائس چیئرمین، ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر معظم سینیئر فیکلٹی ممبر، اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، KIU شامل تھے۔
مقررین نے معذور افراد کی شمولیت، یونیورسٹی سطح پر معاونتی اقدامات، رسائی اور پالیسی اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام کا سب سے متاثر کن حصہ ’کامیابیوں کی کہانیاں‘ تھا، جس میں معذوری کے حامل افراد نے اپنی جدوجہد، عزم اور کامیابیوں کو نہایت پراثر انداز میں پیش کیا۔ ان کہانیوں نے حاضرین میں حوصلہ، حساسیت اور شمولیت کا رجحان مزید بیدار کیا۔
تقریب کے اختتام پر ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور KISA کی جانب سے افرادِ باہم معذوری کے ساتھ ساتھ مختلف رضاکاروں کے مابین سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

شرکاء نے اس اقدام کو معذور افراد کی حوصلہ افزائی، سماجی شمولیت اور رضاکارانہ خدمات کے اعتراف کے طور پر سراہا۔

ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور کساء اس پروگرام کو افراد باہم معذوری کی آواز اور نمائندگی مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیں رہے ہیں


