ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی قائدانہ صلاحیتوں نے پی سی بی تھنک ٹینک کو متاثر کر دیا ہے، اور امکان ہے کہ وہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک بطور کپتان ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ حکام خاص طور پر ٹیم کی فائٹنگ سپرٹ اور کھلاڑیوں کی یکجہتی سے خوش ہیں، جو ماضی میں نظر نہیں آتی تھی۔ تھنک ٹینک کو یقین ہے کہ سلمان علی آغا کی کپتانی میں ٹیم میدان میں زیادہ متحرک، متحد اور پُرجوش دکھائی دیتی ہے۔
دوسری جانب دورۂ سری لنکا کے لیے اسکواڈ میں شاداب خان کی واپسی کا امکان ہے۔ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مسلسل ٹریننگ میں مصروف ہیں، جب کہ بگ بیش لیگ میں ان کی میچ فٹنس کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔
کچھ حلقوں میں شاداب خان یا شاہین شاہ آفریدی کو دوبارہ کپتان بنانے کی باتیں بھی زیرِ گردش تھیں، تاہم اب صورتحال واضح ہو رہی ہے۔
پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان علی آغا ہی میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
تھنک ٹینک کے ایک اور رکن نے بھی رائے دی کہ سلمان علی آغا نے نہ صرف ٹیم کو وننگ ٹریک پر واپس لایا بلکہ کھلاڑیوں کے درمیان بھرپور ہم آہنگی پیدا کی ہے، اس لیے اس وقت کپتانی میں تبدیلی کی کوئی ضرورت محسوس نہیں کی جا رہی۔قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے بعد سلمان علی آغا کی کپتانی مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔


