وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری منظوری کے بعد ایوان صدر کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک ساتھ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے فرائض انجام دیں گے، اور یہ تعیناتی پانچ سال کے لیے ہوگی۔
یہ تعیناتی تاریخی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے۔
اسی دوران وزیراعظم نے چیف آف ایئر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔
یہ فیصلے پاکستانی مسلح افواج میں قیادت کے استحکام اور ملکی دفاعی اہداف کے مؤثر نفاذ کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔


