حکومتِ بلوچستان نے سول انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے باہمی اشتراک سے صوبے میں جامع ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت مختلف اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی سطح پر قائم کمیٹیوں کے ذریعے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تاخیر کا شکار منصوبوں کی بروقت نشاندہی اور منظوری کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ بی ایس ڈی آئی کے تحت بلوچستان کے 35 اضلاع میں مجموعی طور پر 969 ترقیاتی منصوبے شامل کیے جا چکے ہیں۔
ایف سی بلوچستان نارتھ کے زیرانتظام اضلاع میں 8 ارب 705 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے زیرِ تکمیل ہیں۔ ان اضلاع میں 44 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، 75 منصوبوں کے ورک آرڈر جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 90 منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے دونوں مراحل کے تمام ترقیاتی منصوبے 30 مئی 2026 تک مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ (پی آئی یو) کے ذریعے منصوبوں کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کی مؤثر نگرانی بھی جاری ہے۔
بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری منصوبوں پر مقامی عوام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سول انتظامیہ، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اداروں کے باہمی اشتراک سے صوبے میں ترقیاتی عمل کو نئی سمت اور رفتار ملی ہے۔
مبصرین کے مطابق بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو صوبے میں شفاف، مؤثر اور بروقت ترقیاتی منصوبہ بندی کا ایک کامیاب اور قابلِ تقلید ماڈل بن کر ابھر رہا ہے۔


