وزارتِ خزانہ نے خیبر پختونخوا کو گزشتہ 15 سال کے دوران وفاق سے جاری فنڈز کے حوالے سے تفصیلی دستاویز جاری کر دی ہے۔
دستاویز کے مطابق 2010 سے اب تک صوبے کو مجموعی طور پر 8 ہزار 400 ارب روپے سے زائد منتقل کیے گئے ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ہر 15 دن بعد فنڈز کی ادائیگی کی جاتی ہے اور وزارتِ خزانہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے حوالے سے وفاق کے پاس کوئی بقایا جات موجود نہیں ہیں۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2010 سے این ایف سی کے تحت صوبے کو 5 ہزار 867 ارب روپے ادا کیے گئے، جبکہ 17 دسمبر 2025 تک مزید 46 ارب روپے جاری کیے گئے۔
دہشت گردی کے اضافی مالی بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کو 2010 سے ایک فیصد اضافی فنڈ دیا گیا، جس کا مجموعی حجم 705 ارب روپے بنتا ہے۔ نئے ضم شدہ اضلاع کے لیے 2019 سے اب تک وفاق نے اپنے حصے سے 704 ارب روپے منتقل کیے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ وفاق سے صوبے کو صرف 2200 ارب روپے ملے ہیں، تاہم وزارتِ خزانہ کی جاری کردہ دستاویز نے اس مؤقف پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔


