سرگودھا میں شدید دھند کے باعث پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تحصیل کوٹ مومن کے علاقے گلہ پور بنگلہ کے قریب 23 افراد ایک منی ٹرک میں سوار ہو کر سفر کر رہے تھے کہ شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر منی ٹرک بے قابو ہو کر سڑک سے اتر گیا اور خشک نہر میں جا گرا۔
حادثے کے نتیجے میں ٹرک کے نیچے دب کر 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور شدید زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، جہاں دورانِ علاج مزید 7 افراد جانبر نہ ہو سکے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 5 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار تمام افراد ایک جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، جس کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔


