سری لنکا کے بعد اب متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ (یو اے ای سی بی) نے بھی پاکستان سے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابطہ کیا اور کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ نے بھی پاکستان سے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کی تھی۔
سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو خط لکھ کر کہا تھا کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کولمبو میں شیڈول 15 فروری کے ہائی پروفائل میچ کی منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان اور ممکنہ سیاحتی آمدن میں کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سری لنکا کرکٹ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک بھارت میچ کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ٹکٹوں کی فروخت اور میزبانی کی دیگر انتظامات بھی مکمل ہیں۔ بائیکاٹ کے اعلان کے بعد سری لنکا کی ٹورزم انڈسٹری متاثر ہوئی اور فینز نے ہوٹلز کی بکنگ منسوخ کر دی۔
خط میں سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا کہ وہ غیر معمولی حالات، دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نظرِ ثانی پر غور کرے۔


