وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی عرب میں ورلڈ بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر اینا بجرڈے سے ملاقات کی، جو سالانہ الولا کانفرنس برائے ابھرتی ہوئی مارکیٹ اکانومی کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش اہم اقتصادی چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک، ترقیاتی ترجیحات، اور توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور مالیاتی اصلاحات جیسے اہم شعبوں پر تفصیلی بات ہوئی۔
اینا بجرڈے نے پاکستان کے 20 ارب ڈالر کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے ورلڈ بینک کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور پروگرام کے زیادہ موثر اثرات کے لیے درست اور بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے زور دیا کہ بہتر کوآرڈینیشن اور پروگرام کے بروقت عملدرآمد کے لیے صوبائی حکومتوں کا کردار اور تعاون بھی کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔


