پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، NI, NI (M), T Bt نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور رائل ملائیشن نیوی کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
انہیں رائل ملائیشن نیوی کے ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر نیول چیف ایڈمرل تن سری (ڈاکٹر) ذوالحلمی بن اتھنائن نے خوش آمدید کہا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی ہم آہنگی، آپریشنل تعاون، استعداد کار میں اضافہ اور سمندری سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز (RMSP) اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) میں فعال شرکت کا ذکر کیا۔

نیول چیف نے ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر کا بھی دورہ کیا اور پاکستان کے نیشنل ہائیڈروگرافک آفس کے ساتھ تربیت، ڈیٹا کے تبادلے اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اس دورے نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط بحری شراکت داری اور مستقبل میں سمندری تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔


