ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی امریکا کا دورہ کرے گا، جہاں وزیراعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی کے شواہد عالمی شراکت داروں کے ساتھ شیئر کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ داعش کے حالیہ حملوں کا مبینہ ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے اور پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت سے نئے ڈیم کی تعمیر سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں اور زور دیا ہے کہ بھارت کسی بھی یکطرفہ اقدام سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا پابند ہے۔
کرکٹ سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کھیل کو بنگلادیش کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ اس اصول کے تحت کیا گیا تھا کہ کرکٹ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔


