کراچی: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری سرگرمیوں کے دوران مثبت رجحان دیکھا گیا۔
گزشتہ روز مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث 100 انڈیکس تقریباً 16 ہزار پوائنٹس گر گیا تھا، تاہم آج مارکیٹ نے بحالی کی طرف سفر شروع کیا۔
کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 714 پوائنٹس کمی کے ساتھ کھلا، لیکن جلد ہی خریداری کے رجحان میں اضافہ ہونے لگا جس کے نتیجے میں انڈیکس 4 ہزار پوائنٹس سے زائد مثبت ہو گیا۔
دوپہر تک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم بارہ بجے کے بعد شیئرز کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس سے انڈیکس میں تیزی آئی اور یہ 6 ہزار پوائنٹس سے زائد اضافے کے ساتھ دن کی بلند ترین سطح تقریباً ایک لاکھ 58 ہزار 216 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
بعد ازاں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس مجموعی طور پر 5 ہزار 159 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 57 ہزار 132 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آج تقریباً 77 کروڑ شیئرز کے سودے 44 ارب روپے مالیت میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کی مجموعی سرمایہ کاری مالیت میں 445 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مارکیٹ کیپٹلائزیشن 17 ہزار 631 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی اور علاقائی سیاسی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔


