سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت بھاری وارہیڈ رکھنے والے خرمشہر-4 بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
مہر خبر رساں ایجنسی کے مطابق سپاہ پاسداران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں استعمال کیے گئے خرمشہر-4 میزائلوں کے وارہیڈ کا وزن تقریباً ایک ٹن ہے، جنہیں دشمن کے اہم فوجی اور اسٹریٹجک اہداف کی جانب فائر کیا گیا۔
بیان کے مطابق ان میزائلوں کا ہدف تل ابیب کے بن گوریون ایئرپورٹ اور وہاں قائم اسرائیلی فضائیہ کے اسکواڈرن 27 کا فوجی اڈہ تھا۔
سپاہ پاسداران نے مزید دعویٰ کیا کہ اسی آپریشن کے دوران خطے میں موجود امریکہ کے تقریباً 20 فوجی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو بحرین، متحدہ عرب امارات اور کویت میں واقع ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں قائم بعض امریکی فوجی اڈوں سے اہلکار مبینہ طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں اور کچھ نے ہوٹلوں سمیت غیر فوجی عمارتوں میں پناہ لے کر انہیں ڈھال کے طور پر استعمال کیا ہے۔
سپاہ پاسداران کے مطابق ایرانی فورسز امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں نشانہ بنانے کے لیے تیار ہیں۔


