خلیج فارس کے شمالی حصے میں ایک امریکی تیل بردار جہاز کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی۔
مہر خبر رساں ایجنسی کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبۂ روابطِ عامہ نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی صبح ایرانی بحریہ نے شمالی خلیج فارس میں موجود ایک امریکی آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس کے بعد جہاز میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اس سے قبل بھی عالمی قوانین اور بین الاقوامی قراردادوں کے تحت خبردار کر چکا تھا کہ جنگی حالات میں آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف کے سمندری راستوں میں آمد و رفت کے معاملات اسلامی جمہوریہ ایران کے اختیار میں ہوں گے، لہٰذا تمام ممالک کو اس حوالے سے ایران کے مؤقف کا احترام کرنا ہوگا۔
سپاہ پاسداران کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ امریکا، اسرائیل، یورپی ممالک اور ان کے اتحادیوں کے جنگی اور تجارتی جہازوں کو اس علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اگر ایسے جہازوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی تو انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔


