میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جانب عیدالفطر کی خوشیاں ہیں تو دوسری طرف غزہ کے بے گھر عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے غزہ کے بچوں اور مجاہدین کو سلام پیش کیا جنہوں نے ملبے کے ڈھیر پر عید گزاری۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کیے اور ان حملوں کا آغاز اسکول کی 176 بچیوں کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کی مذمت کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایران کی قیادت نے ثابت کیا کہ وہ مضبوط ہے اور امریکا و اسرائیل کے منصوبوں کو ناکام بنایا۔
ان کے مطابق امریکا ایران میں رجیم چینج چاہتا تھا، تاہم اب حالات مغرب کے خلاف جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا، اسرائیل اور بھارت کے ٹرائیکا نے عالمی امن کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر اتحاد موجود ہے مگر حکمران طبقہ امت کو تقسیم کیے ہوئے ہے، اس وقت امت مسلمہ کو اتحاد کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ متضاد بیانات دیتے ہیں—کبھی فتح کا اعلان کرتے ہیں، کبھی نیٹو کو بلاتے ہیں اور کبھی مدد طلب کرتے ہیں۔
انہوں نے ملکی معاشی صورتحال پر بھی تنقید کی اور کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ہر لیٹر پر تقریباً 25 فیصد ٹیکس لیا جا رہا ہے۔
ان کا مطالبہ تھا کہ مزید اضافہ نہ کرنے کے ساتھ ساتھ لیوی میں بھی کمی کی جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف مل سکے۔


