ایران نے رمضان جنگ کو ختم کرنے کے حوالے سے جہاں امریکا کی جانب سے فراہم کردہ پندرہ شرائط کو مسترد کردیا ہے وہاں اپنی شرائط بھی رکھ دی ہیں۔
ان شرائط میں پہلی شرط یہ ہے کہ جنگ کے خاتمے کیلئے حملوں اور ایرانی عہدیداروں کا قتل روکا جائے، جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکنے کے ٹھوس اور ضمانت شدہ اقدامات کیے جائیں اور ایران میں جنگ کے نقصانات کا تعین اورادائیگی کی ضمانت دی جائے۔
ایران کی شرائط کے مطابق ایران پر جاری جنگ اور خطے میں دیگر مزاحمتی گروپوں کے خلاف جنگ روکی جائے اور آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے۔
خیال رہے کہ جنگ بندی کیلئے ایران کو امریکا کی 15 نکاتی تجاویز پہنچائی گئی ہیں، امریکا کی 15 نکاتی تجاویز میں ایران پر پابندیوں میں نرمی بھی شامل ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق پاکستانی عہدیدار نے بتایا کہ ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل پروگرام کا خاتمہ بھی امریکی تجاویز میں شامل ہے، اس کے علاوہ آبنائے ہرمز کو کھولنا بھی امریکی تجاویز میں شامل ہے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ( آئی اے ای اے)کی طرف سے ایران کی نگرانی بھی مجوزہ منصوبے میں شامل ہے، ایران اور امریکا کے درمیان سویلین جوہری تعاون بھی تجاویز میں شامل ہے۔


